اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہےکہ دنیا سے اپیل کر رہے ہیں کہ ہمیں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پیسے دیں، سیلاب کے باعث بہت نقصان ہوا ہے،سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر غریب طبقہ ہوا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے فی کس 25 ہزار روپے امداد کا اعلان ہوا ہے،وزیراعظم نے مجھے بتایا کہ سکھر دریائے سندھ کا منظر پیش کر رہا تھا،ٹانگ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بہت برا حال تھا،2010کے سیلاب نے بھی اتنی تباہی نہیں مچائی تھی،کراچی میں بھی بارش نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ تمام پاکستانیوں کو اپنے دوسرے مقاصد سے بالا تر ہو کر مدد کرنی چاہئے،آج تیمور جھگڑا نے مجھے ایک خط لکھا جس سے مجھے افسوس ہوا،کل فواد چودھری نے کہا پنجاب اور خیبر پختونخوا وفاقی حکومت سے تعاون نہیں کریں گے،فواد چودھری نے کہا دونوں صوبے تعاون نہیں کریں گے تو آئی ایم ایف کی ڈیل ٹوٹ جائیگی۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ میری تیمور جھگڑا سے بات ہوئی، انہوں نے کہا یہ خط آئی ایم ایف کو نہیں دیا، اب یہ خط پورے ملک کے ساتھ آئی ایم ایف کے پاس بھی پہنچ چکا ہے،آج کے دن ایسا خط لکھنے کی کیا ضرورت تھی،آپ دس دن انتظار نہیں کر سکتے تھے،یہ چاہتے ہیں عمران خان کی حکومت نہ ہو تو سب کچھ داؤ پر لگا دو۔