کراچی: جماعت اسلامی سند ھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے ملک میں مہنگائی کی شرح 45فیصدتک بڑھنے پرشیدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومتی غفلت اورمنافع خوروں کی بے حسی نے سیلاب متاثرین کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ کہا ہے کہ مہنگائی کو کنٹرول اورمنافع خوروں کو قانون کی پکڑمیں لانے کی بجائے حکمرانوں کا ٹیکس اہداف حاصل کرنے کے لیے پٹرول قیمتوں میں اضافہ کرکے مہنگائی کو مزیدبڑھانے کا عندیہ ظلم وناانصافیوں کے مارے عوام کے زخموں پرنمک پاشی اورغریب دشمنی ہے۔ روزبروز چینی، گندم اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں ہوشربا اضافے نے عوام کی کمر توڑ کے رکھ دی ہے۔
سابق رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ایک طرف قدرتی آفات بارش،سیلاب کی وجہ سے تین کروڑ سے زائد لوگ مصیبت کا شکار ہیں تو دوسری جانب اتحادی حکومت کی جانب سے آئے روز مختلف اشیائے خورونوش پر عائد کردہ ٹیکسوں کی وجہ سے ہوشربا مہنگائی نے عام لوگوں کی زندگی اجیرن کردی ہے ۔ غریب آدمی کی خوراک آٹا، گھی، چینی، دالیں اور موسمی سبزیوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے دو وقت کا کھانا بھی مشکل بنادیا ہے۔
محمد حسین محنتی نے کہا کہ ہنگامی بنیادوں پر ذخیرہ اندزوں، ناجائز منافع خوروں کے خلاف ایکشن لیا جائے اور تیزی سے بڑھتی ہوئی قیمتوں کو روکا جائے تاکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پایا جاسکے۔ حکومت کی ناقص پالیسیوں کے سبب عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے۔ وزیرخزانہ انتہائی ڈھٹائی کے ساتھ عوام کو یہ نوید سنارہے ہیں کہ ٹیکس ہدف پورا نہ ہونے کی صورت میں پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی اور سیلز ٹیکس میں مزید اضافہ کیا جائے گا جو مہنگائی،سیلاب کے مارے ہوئے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔