سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما سیدعلی گیلانی کی پہلی برسی کے موقع پر ہڑتال کی گئی۔
حریت رہنماﺅں کی اپیل پر آزادی کشمیر کیلئے مزاحمت کے استعارے سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے حیدر پورہ میں ان کی رہائش گاہ تک ریلی نکالی گئی، سیاسی رہنماﺅں اور عوام نے قائد حریت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی ایک مشن کا نام ہے اور کشمیری عوام اس مشن کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔
حریت رہنماﺅں نے کہا کہ سیدعلی گیلانی کی زندگی کا مقصد اپنے مادر وطن کو بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی دلانا تھا،سید علی گیلانی یکم ستمبر 2021کو حیدپورہ میں اپنی رہائش گاہ پر پولیس کی حراست میں شہید ہوگئے تھے، جہاں وہ گزشتہ ایک دہائی سے نظر بند تھے۔
بھارتی فوج نے کرفیو لگاکر علی گیلانی کے خاندان کو یرغمال بنا کر شہید کے جسد خاکی کو زبردستی سپرد خاک کردیا تھا اور ان کے جنازے میں شرکت پر پابندی لگادی تھی۔