اسپین کے شہر جیریز سے جرمنی کیلئے روانہ ہونے والا نجی سیسنا طیارہ منزل کے اوپر سے پرواز کرتے ہوئے دگنے فاصلے کا سفر طے کرنے کے بعد سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا۔
طیارے میں سوار 2 پائلٹس سمیت چار افراد کے ہلاک ہو جانے کا شبہ کیا جا رہا ہے۔
ہوا بازی ذرائع کے مطابق، ڈنمارک کی فضائیہ کا کہنا ہے کہ وہ، پرواز کے دوران طیارے کے کاک پٹ میں موجود کسی کی شناخت نہیں کر سکے۔
بتایا گیا ہے کہ OE-FGR رجسٹریشن کے حامل سیسنا 551 نجی طیارے نے یو ٹی سی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجکر 57 منٹ پر اسپین کے شہر جیریز سے جرمنی کے شہر بون کیلئے پرواز کی ۔
طیارہ لگ بھگ پونے تین گھنٹے فضا میں پرواز کرتے ہوئے جب اپنی منزل پر پہنچا تو تقریباً 36 ہزار فٹ کی بلندی اور 685 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پر تھا، ہوابازی ماہرین کے مطابق طیارہ آٹو پائلٹ موڈ پر تھا۔
منزل کے قریب پہنچنے اور اترنے کی تیاری نہ کرنے پر ائیر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے پائلٹس سے مسلسل رابطہ کیا گیا مگر اُن میں سے کسی نے بھی ٹریفک کنٹرول کو جواب نہ دیا۔