کیا آپ کو معلوم ہے کہ ٹرکش ڈیلائٹ سینکڑوں سالہ ماضی رکھتی ہے؟
اپنی سینکڑوں سالہ تاریخ کے ساتھ ٹرکش ڈیلائٹ جسے ترکی زبان میں ‘لوقوم’ کہا جاتا ہے عثمانی محلّات کے دستر خوان کا ایک اہم حصّہ تھی۔ پرس عہد حکومت میں 226 تا 652 قبل مسیح کے دوران حکمرانی کرنے والے ساسانیوں کی مقبول مٹھائی ‘ابہیسا’ کو ٹرکش ڈیلائٹ کی ابتدائی شکل قبول کیا جاتا ہے۔
انا طولیہ کے جغرافیہ میں اندازاً 15 ویں صدی میں اس مٹھائی یعنی ٹرکش ڈیلائٹ کو دوبارہ سے دریافت کیا گیا اور 17 ویں صدی میں یہ مٹھائی ہر دل عزیز لذّت کی شکل اختیار کر گئی۔18 ویں صدی میں سیّاحوں کے وسیلے سے ٹرکش ڈیلائٹ یورپ پہنچی اور یورپ کے جس جس ملک میں پہنچی وہاں وہاں مقبول ہو گئی۔ ٹرکش ڈیلائٹ کی طلب میں اضافہ ہونے کے بعد 1777 میں سلطنتِ عثمانیہ نے ڈیلائٹ کو تجارتی بنیادوں پر پیدا کرنا شروع کر دیا۔ ابتدائی دنوں میں یہ مٹھائی شہد، پھلوں کے رس اور آٹے کے آمیزے سے بنائی جاتی تھی لیکن نشاستے اور چینی کی ایجاد نے اسے دورِ حاضر کی ٹرکش ڈیلائٹ کی شکل عطا کی۔
ٹرکش ڈیلائٹ کو عام طور پر ترک قہوے کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اسے چائے کے ساتھ چینی کی جگہ یا پھر دو بسکٹوں کے درمیان رکھ کر اسنیکس کی شکل میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ ٹرکش ڈیلائٹ اخروٹ، فندق، پستہ، دارچینی، گلاب اور پھلوں کے رس کے ساتھ متعدد مختلف ذائقوں میں تیار کی جاتی ہے۔ بطور ترک دستر خوان کی ایک روایتی مٹھائی کے ٹرکش ڈیلائٹ کو تحفتاً بھی پیش کیا جاتا ہے۔