ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

کراچی سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں بجلی بند

کراچی سمیت  پاکستان کے مختلف علاقوں میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔

خبر کے مطابق، کراچی میں بجلی کا بریک ڈاؤن حبکو جامشورو ٹرانسمیشن لائن کی ٹرپنگ کی وجہ سے ہوا، جس کے باعث کے الیکٹرک کے تمام فیڈرز بند ہوگئے ہیں۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ واپڈا سے کراچی کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے جس کے باعث پورے شہر کو بجلی کی فراہمی بندہوگئی ہے جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی بجلی کی عدم فراہمی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ بجلی بندش کی وجوہات کی تحقیقات کے ساتھ ٹیمیں بحالی کے لئے متحرک ہیں جبکہ صارفین مزید رہنمائی کے لئے کے الیکٹرک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بجلی کی بحالی کا عمل شروع کیا جاچکا ہے تاہم بحالی میں اندازاً 5 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

کراچی کے جو علاقے بجلی سے محروم ہیں ان میں ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، گلشنِ اقبال، بہادرآباد، لسبیلہ، پٹیل پاڑہ، محمود آباد، اعظم بستی، ڈیفنس، پی ای سی ایچ ایس، لیاقت آباد، نشتر روڈ اور اطراف کے علاقے شامل ہیں۔

دوسری جانب حیدر آباد سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں بجلی فراہمی معطل ہونے پر ترجمان حیسکو کا کہنا ہے کہ بجلی کی فراہمی بحال ہونے سے متعلق این ٹی ڈی سی حکام سے رابطے کررہے ہیں۔فوری طور پر بجلی کی بحالی کا ٹائم فریم نہیں دیا جاسکتا۔

وزرات توانائی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ  ملک کے جنوبی ٹرانسمیشن سسٹم میں حادثاتی خرابی ہوئی ہے جس سے متعدد جنوبی پاور پلانٹس مرحلہ وار ٹرپ ہو رہے ہیں،

وزارت توانائی نے کہا کہ اپنی پوری تندہی سے خرابی کی وجہ کی تفتیش کررہی ہے اور جلد از جلد بجلی کے نظام کو مکمل بحال کر لیاجائےگا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں