اسلام آباد: حکومتی اتحاد پی ڈی ایم نے توشہ خانہ کیس کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے عام انتخابات وقت پر کروانے پر ایک بار پھر اتفاق کیا۔
جمعہ کو پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس مولانا فضل الرحمان کی صدارت ہوا، جس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری توشہ خانہ ریفرنس کے فیصلے اور مستقبل کی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کاکہنا تھا کہ آج کا دن اس لحاظ سے بابرکت ہے کہ پہلے قوم کو ایک بڑے فتنے سے نجات ملی اور پھر فیٹف کے گرے لسٹ سے پاکستان نکل گیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ایمان کا قاتل، مال کا چور، حیا کا ڈاکو، بد تہذیبی کا ماسٹر مائنڈ ہے جو اپنے انجام کو پہنچ گیا۔ نااہلی کا یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیے اورسیاست دانوں کو سیاست میں ایک دوسرے کا مقابلہ کرنا چاہیے،پاکستان کے نیوکلیئر پروگرام کو عمران خان سے خطرہ ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس کی سرکوبی کے لئے پہلے دن سے آواز اٹھائی، ہم ملک کی مشکلات کو جانتے تھے، ہم پاکستان کی قدر و قیمت کو سمجھتے تھے اور جانتے تھے ایک بہروپیے سے واسطہ پڑا ہے، آج ثابت ہوگیا ہے وہ نہ صادق تھا نہ وہ امین تھا وہ سب سے بڑا بین الاقوامی چور ثابت ہوا۔پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے بہت عرصہ پہلے طشت از بام کردیا تھا البتہ توشہ خانہ نے توشہ بناکر چھوڑا، یہ کتنی شرمندگی کی بات ہے کہ کسی سربراہ مملکت کے تحفے کو بازار میں بیچا گیا اور وہی گھڑی دکاندار سے اس کے اصلی مالک تک پہنچ گئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آج فتنہ سے نجات مل گئی، اب عمران خان کے حوالے سے مزید حقائق قوم کے سامنے آئیں گے۔