وفاقی حکومت نے ’پرائم منسٹر یوتھ پروگرام‘ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت حکومت نوجوانوں کو لیپ ٹاپ اور روزگار اسکیمیں دیگی اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف آئندہ ہفتے ’پرائم منسٹر یوتھ پروگرام‘ کا آغاز کریں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزہ فاطمہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کے لیے کئی اسکیمیں بحال کی جائیں گی،جن کا مقصد نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے،جس میں 15 سے 29 سال تک کی عمرکے 5 کروڑ سے زائد نوجوانوں کو قرضے دیے جائیں گے۔
شزا فاطمہ نے کہا کہ اجلاسوں میں مجھے یہ ذمہ داری دی کہ پاکستان کی 15 کروڑ نوجوان آبادی کے لیے ایک جامع منصوبہ بنایا جائے، وزیر اعظم کی ہدایت پر ای روزگار، ای لرننگ، لیپ ٹاپ اسکیم اور دیگر پروگرامز پر کام کیا گیا ہے۔
شزا فاطمہ نے پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ میں نوجوانوں کو یہ خوشخبری دینا چاہتی ہوں کہ لیپ ٹاپ پروگرام دوبارہ شروع کیا جارہا ہے، وزیر اعظم رواں برس ایک لاکھ طلبہ کو لیپ ٹاپ دیں گے جس میں ہم نے 50 فیصد خواتین کا حصہ رکھا ہے، انہوں نے کہا کہ اس میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو بھی شامل کریں گے اور بلوچستان کے لیے لیپ ٹاپ کا کوٹہ دگنا کردیا گیا ہے۔
شزا فاطمہ نے کہا کہ اس کے علاوہ نوجوانوں کے لیے ’نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی‘ کا اجرا کیا جائے گا، شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں اس منصوبے پر کام کیا گیا ہے جس میں تعلیمی اداروں اور انڈسٹری کے درمیان فاصلے ختم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان وزیراعظم یوتھ پروگرام کی ویب سائٹ کے ذریعے قرض اپلائی کرسکتے ہیں، جہاں 5 لاکھ تک قرضے بلا سود فراہم کیے جائیں گے جب کہ 15 لاکھ کا قرضہ 5 فیصد شرح سود اور 75 لاکھ تک قرض پر سود کی شرح 7 فیصد ہوگی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وزیراعظم آئندہ ہفتے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کا آغاز کریں گے۔
