روس۔ یوکرین جنگ نے ترکیہ میں مکانات کی فروخت میں اضافہ کر دیا ہے۔
جنوری۔ نومبر کے دورانیے میں غیر ملکیوں کی طرف سے ترکیہ میں خریدے گئے مکانات کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس اضافے میں روسی اور یوکرینی شہریوں کے خریدے گئے مکانات کی تعداد نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
مذکورہ دورانیے میں روسی اور یوکرینی شہریوں کی طرف سے ترکیہ میں مکانات کی خرید میں 10 ہزار 608 مکانات کا اضافہ ہوا۔
روس۔یوکرین جنگ کے ساتھ دونوں ممالک کے شہریوں کا ترکیہ میں دھڑا دھڑ مکانات خریدنا توجہ کا مرکز بنا ہے۔
جنگ کے آغاز یعنی فروری کے مہینے میں روسیوں نے ترکیہ سے 509 مکانات خریدے۔ جنگ کے دوام کے ساتھ ساتھ اس فروخت میں اضافہ ہوتا گیا اور جون تک روسی شہریوں کے ہاتھ فروخت کئے گئے مکانات کی تعداد 1887 تک پہنچ گئی۔ سال کے آخر میں مکانات کی فروخت میں دوبارہ اضافے کے ساتھ یہ تعداد 2 ہزار 575 ہو گئی ہے۔
اسی دورانیے میں یوکرینی شہریوں کے ہاتھ بھی مکانات کی فروخت میں اضافہ ہوا۔ جنگ کی ابتداء کے مہینے یعنی فروری میں یوکرینی شہریوں کے ترکیہ میں خریدے گئے مکانات کی تعداد 111 تھی جو ماہِ جون میں 301 اور نومبر میں 277 ہو گئی۔