ترکیہ سے انسانی امداد لے جانے اور ترک شہریوں کو ملک سے نکالنے کے لئے 10 ماہ قبل یوکرین جانے کے بعد فضائی حدود بند ہونے کے وجہ سے بوریس پول ایئر پورٹ پر منتظر کھڑے دو "A400M” طیارے وطن واپس لوٹ آئے ہیں۔
عوام الناس میں "بزرگ یوسف” کے نام سے مشہور مذکورہ طیاروں کے بارے میں ترکیہ وزارت دفاع نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ” دونوں طیاروں نے بحفاظت، ضلع قیصری میں، لینڈنگ کر لی ہے”۔
ترکیہ کے وزیر دفاع حلوصی آقار نے بھی ضلع قیصری کے 221 ویں فلیٹ کمانڈ آفس میں طیاروں کے عملے اور ان کے کنبوں کے ساتھ ملاقات کی۔
طیاروں کے عملے نے، فضائی حدود بند ہونے کے بعد یوکرین میں قیام کے دورانیے سے متعلق بریفنگ دی اور کہا ہے کہ ہم نے مشکل حالات کے باوجود اپنے طیاروں کی مکمل دیکھ بھال کی اور واپسی کے لئے ہمہ وقت تیاری کی حالت میں رہے ہیں۔
صدر رجب طیب ایردوان نے بھی وزیر دفاع حلوصی آقار کے ساتھ ٹیلی فونک رابطے کے ذریعے طیاروں کے عملے اور ان کے کنبوں کے ساتھ بات چیت کی۔
انہوں نے کہا ہے کہ "یوکرین میں ایک طویل عرصے کے انتظار کے بعد ہمارے کارگو طیاروں کی بخیر عافیت وطن واپسی ہمارے لئے متعدد مسائل سے رہائی کے ساتھ ساتھ نہایت مسرت کا بھی وسیلہ بنی ہے”۔
صدر ایردوان نے کہا ہے کہ ” خاص طور حالیہ مشکل حالات میں ان طیاروں کو صحیح سلامت وطن واپس لانے پر میں، پوری ملت کی طرف سے، آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں”۔
طیاروں کا عملہ کئی ماہ کے بعد اپنے کنبوں سے آ مِلا ہے ۔ ان لمحات کو ترکیہ وزارت دفاع نے "ہم اپنے عملے کو خوش آمدید کہتے ہیں” کے الفاظ کے ساتھ شیئر کیا ہے۔