کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کوتیزی کا رجحان رہا اور مارکیٹ ایک بار پھر40ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بحال ہو گئی
کاروباری ہفتے کے پہلے روز تیزی کی وجہ سے مارکیٹ کے سرمائے میں83ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 64کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ62.91فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو کاروبار کا آغازتیزی کیساتھ ہوا ،سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کی پیٹرولیم،آئل اینڈ گیس ،ٹیلی کام اور توانائی سمیت دیگر منافع بخش شعبوں میں خریداری کے باعث ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 40367پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا تاہم تکنیکی کریکشن کے سبب انڈیکس 40100پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا اور مارکیٹ مثبت زون میں رہی ۔
گزشتہ ہفتے اسٹاک مارکیٹ کے لیے ہولناک ثابت ہوا تھا 1600سے زائد پوائنٹس انڈیکس میں سے نکل گئے تھے جس کی وجوہات معیشت اور سیاسی تناءکو قرار دیا گیا تھا تاہم مستقبل میں قیمتیں بڑھنے کے امکانات پر خریداری کے باعث مارکیٹ میں ریکوری دیکھنے میں آئی ۔
مارکیٹ میں پیر کو کے ایس ای100انڈیکس میں 485.96پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 39669.20پوائنٹس سے بڑھ کر40155.16پوائنٹس پر جا پہنچااسی طرح 177.74پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30انڈیکس 14600.58پوائنٹس سے بڑھ کر14778.32پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 26796.02پوائنٹس سے بڑھ کر27151.61پوائنٹس پر بند ہوا ۔
کاروباری تیزی کی وجہ سے مارکیٹ کے سرمائے میں 83ارب92کروڑ73لاکھ ،74ہزار303روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 63کھرب25ارب54کروڑ59لاکھ5ہزار767روپے سے بڑھ کر64کھرب9ارب47کروڑ32لاکھ80ہزار70روپے ہو گیا۔
5ارب روپے مالیت کے14کروڑ68لاکھ80ہزار حصص کے سودے ہوئے جب کہ گزشتہ جمعہ کو4ارب روپے مالیت کے 13کروڑ26لاکھ33ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز مجموعی طور پر 329کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے207کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،108میں کمی اور14کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔
کاروبار کے لحاظ سے پاک پیٹرولیم 1کروڑ10لاکھ ،آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ 76لاکھ99ہزار ،ورلڈ کال ٹیلی کام 67لاکھ90ہزار ،پاک ریفائنری 63لاکھ37ہزار اورکے الیکٹرک لمیٹڈ 48لاکھ90ہزار حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے ۔
