فلپائن کے ‘فضائی ٹریفک انتظامی مرکز’ میں لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے متعدد اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازیں ملتوی ہو گئیں۔
اطلاع کے مطابق فلپائن کے فضائی ٹریفک انتظامی مرکز میں کل صبح کے وقت بجلی کی ترسیل منقطع ہونے پر منیلا ایئر پورٹ پر تقریباً 300 اندرونِ ملک اور انٹرنیشنل پروازیں ملتوی یا منسوخ کر دی گئیں یا پھر دیگر ہوائی اڈوں کی طرف منتقل کر دی گئیں۔
پروازوں میں تبدیلی کی وجہ سے 65 ہزار مسافر متاثر ہوئے ہیں۔
ملک کے وزیرِ رسل و رسائل ‘خائمے بٹیسٹا’ نے موضوع سے متعلقہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ انتظامی مرکز میں بجلی بند ہونے کی وجہ سے رابطہ چینل ، انٹرنیٹ، ریڈیو اور راڈار متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے مسافروں کو پہنچنے والی تکلیف پر معذرت کی اور کہا ہے کہ حکام اس صورتحال سے متاثرہ مسافروں کی مدد کے لئے کام کر رہے ہیں۔
فضائی ٹریفک سسٹم کی دن بھر میں بحالی کے بعد دارالحکومت منیلا کے ‘نینوئے آکیو اینو’ ہوائی اڈّےسے پروازیں بحال ہو گئی ہیں۔
اس دوران حکام نے مسافروں کی پریشانی کو حل کرنے کے لئے فضائی کمپنیوں سے پروازوں کی تعداد میں اضافے کا مطالبہ کیا اور متنبہ کیا ہے کہ صورتحال کو معمول پر لانے میں 3 دن لگ سکتے ہیں۔