ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

چشمہ شفاء۔18

ڈاکٹر مہمت اُچار کے طبّی مشوروں پر مبنی پروگرام ‘چشمہ شفاء’ کے ساتھ آپ کی خدمت میں حاضر ہیں۔

آج ہم آپ کے ساتھ صحت کے جس موضوع پر بات کریں گے وہ ہے "ہڈیوں  کاگھُلنا اور اس کے مقابل گھریلو  تدابیر”۔

"آسٹیوپروسس” یعنی ہڈیاں گھلنے کی بیماری ہڈیوں کو کمزور اور بھربھرا کر کے ان میں شکست ریخت  کا سبب بن سکتی ہے۔ ہڈیاں گھُلنے کی بیماری زیادہ تر عورتوں میں دیکھنے میں آتی ہے۔

 

آئیے دیکھتے ہیں کہ کون سے افراد ہڈیاں گھُلنے کے حوالے سے رِسک گروپ میں شامل ہوتے ہیں:

  • ایسے افراد  جن کے جسم میں خود بخود یا بغیر کسی حادثے کے  ہڈی ٹوٹ جائے۔
  • ایسے افراد جن کا قد  جوانی کے مقابلے میں 4 سے 6 سینٹی میٹر سے زیادہ چھوٹا ہو جائے۔
  • ایسے افراد جن کا ڈھانچہ چھوٹا اور ہڈیاں باریک ہوں۔
  • ایسے افراد جن کے ماں باپ کو کولہے کی ہڈی ٹوٹنے جیسے مسائل کا سامنا ہو۔
  • سگریٹ اور الکحل استعمال کرنے والے افراد۔
  • تین ماہ سے زیادہ عرصے تک متواتر  کورٹیسون والی ادویات استعمال کرنے والے افراد۔
  • ایسے افراد جن میں کیلشیئم اور وٹامن ڈی  کی کمی ہو۔
  • جسمانی حرکت اور ورزش نہ کرنے والے اور مستقل بستر پر لیٹے رہنے والے  افراد ہڈیاں گھُلنے کی بیماری کے حوالے سے رِسک گروپ میں شامل افراد  ہیں۔ ایسے افراد کو بیماری کے ابتدائی دور میں ضروری تدابیر اختیار کرنا چاہیئں۔
  •  

آئیے دیکھتے ہیں کہ بیماری کا احساس ہونے کے بعد کون سی فوری قدرتی تدابیر اختیار کرنا چاہیئں:

  • کیلشیئم  کا استعمال

بچپن اور جوانی کے دور میں لیا گیا کیلشیئم ہڈیوں کے صحت مند اور مضبوط  ڈھانچے کے لئے نہایت ضروری ہے۔ ایک گلاس دودھ میں تقریباً 300 ملی گرام، پنیر کے ایک سلائس میں 210 ملی گرام اور ایک ٹکڑا سامن مچھلی میں تقریباً 200 ملی گرام کیلشیئم پایا جاتا ہے۔

 

  • جسمانی حرکت

روز مرّہ زندگی میں جسمانی حرکت میں اضافہ کریں۔ لفٹ کی بجائے سیڑھیاں چڑھیں اور متواتر گاڑی میں بیٹھ کو گھومنے پھرنے کی بجائے چہل قدمی کو ترجیح دیں۔

چہل قدمی، ہلکی رفتار سے بھاگنے، ٹینس کھیلنے اور ڈانس کرنے جیسی سرگرمیوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں لیکن حد سے تجاوز کرنے سے پرہیز کریں۔

 

  • وٹامن ڈی

وٹامن ڈی، ہڈیوں کی مضبوطی کے حوالے سے نہایت اہمیت کے حامل وٹامن ہیں۔ وٹامن ڈی نظام ہضم میں کیلشیئم کو جذب کرنے کی مقدار میں اضافہ کر کے ہڈیاں بننے کے عمل میں اضافہ کرتے ہیں۔ سورج کی روشنی میں نکلنا اور تقریباً 15 منٹ  تک جسم کو سورج کی روشنی میں رکھنے سے وٹامن ڈی کی یومیہ ضرورت پوری ہو جاتی ہے۔

 

  • سگریٹ نوشی اور الکحل کے استعمال سے پرہیز

سگریٹ اور الکحل میں شامل زہریلے مادے ہڈیوں کی تعمیر پر مامور خلیات کو مار دیتے اور ہڈیاں بنانے کے عمل میں اہم کردار کے حامل اوسٹروجن ہارمونوں کو کم کر دیتے  ہیں ۔ اس طرح نظام ہضم کے دوران کیلشیئم  کی کم مقدار خون میں جذب ہوتی اور  زیادہ مقدارگردوں میں پہنچ کر پیشاب کے ذریعے خارج ہو جاتی ہے۔ نتیجتاً جسم میں کیلشیئم کی ضروری مقدار کم ہو کر ہڈیوں کی کمزوری کا سبب بنتی ہے۔

 

  • ناکافی اور غیر متوازن شکل میں پروٹین کا استعمال

ہڈیوں کا 50 فیصد پروٹین پر مشتمل ہے۔  لہٰذا ہڈیوں کو صحت مند رکھنے اور ہڈیاں گھُلنے کی بیماری  کا سدّباب کرنے کے لئے ضروری مقدار میں پروٹین لینا ضروری ہے۔ ایک درمیانے سائز کے انڈے میں 6 گرام، 100 گرام مرغی کے گوشت میں 20 گرام اور 100 گرام سامن مچھلی میں 19 گرام پروٹین پائے جاتے ہیں۔

 

  • کیفین کے استعمال میں کمی

کیفین بھی، سگریٹ اور الکحل کی طرح، ہڈیوں  کے حجم کو کم کر کے ہڈیاں گھُلنے کے خطرے میں اضافہ کرتی ہے۔

 

  • نمک کا متوازن  استعمال

نمک کا ضرورت سے زیادہ استعمال ہڈیوں کو کمزور کر کے ہڈیاں گھُلنے  کی بیماری کا سبب بنتا ہے۔ اس کے علاوہ ہڈیوں کو صحت مند رکھنے کے لئے مختلف عوامل سے گزاری گئی غذاوں کو بھی نمک کی مناسب مقدار کے ساتھ استعمال کریں۔

 

  • دودھ کے استعمال میں اضافہ کر دیں

ہڈیوں کو صحت مند رکھنے کے لئے کافی مقدار میں دودھ کا استعمال کریں۔ دودھ کو دار چینی  یا پھر مختلف پھل شامل کر کے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 

  • گھر میں موجود سیڑھیاں، قالین اور  بجلی کی تاریں سب پاوں اٹک کر گرنے کا سبب بن سکتے ہیں لہٰذا جس ماحول میں آپ رہ رہے ہوں اسے گرنے کے خطرات سے پاک کریں۔

 

  • صحت کے بروقت معائنے سے کوتاہی نہ کریں اور ڈاکٹر کے مشورے سے ہڈیوں کے حجم کی پیمائش کروائیں۔

 

  • ہڈیوں کو مضبوط رکھنے والی غذائیں

خشک آلو بخارہ، بادام، دہی، لیموں، مچھلی، پالک ، کیلا، ٹماٹر، مالٹے کا جوس سب کیلشیئم اور پوٹاشیئم سے مالا مال غذائیں ہیں۔ ہڈیوں کو صحت مند رکھنے اور ہڈیاں گھُلنے کی بیماری کا سدّباب کرنے  کے لئے ان غذاوں کو روز مرّہ  خوراک میں شامل کریں۔

 

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں