الخلیل:مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے صیہونیوں کی ایک بس پر فائرنگ کی اورمزاحمت کار کارروائی کے بعد بہ حفاظت فرار ہوگئے۔
عبرانی چینل 14 نے کہا کہ ایک صہیونی ڈرائیور نے اطلاع دی کہ اس کی آباد کاروں کو لے جانے والی بس کو الخلیل میں “کرمی زور” موڑ کے قریب روڈ 381 پر گولی مار دی گئی۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ قابض فورسز نے فائرنگ کے مقام پر کمک بھیجی جس نے الخلیل کے شمال میں حلحول کے قریب بس کو نشانہ بنایا۔
ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج نے آپریشن کے بعد الخلیل کے شمال میں بیت امر اور حلحول قصبوں کے داخلی راستے بند کردیئے۔ اس کے علاوہ مغربی کنارے کے جنین کے جنوب مغرب میں واقع قصبے یعبد میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی اسرائیلی قابض فوج کے ساتھ مسلح جھڑپیں ہوئیں۔ مزاحمت کاروں اور قابض فوج کے درمیان جھڑپوں میں ایک فوجی گاڑی کو نقصان پہنچا۔
گزشتہ مہینوں کے دوران مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی مزاحمتی کارروائیوں میں تیزی آئی ہے جبکہ رواں سال 2023 کے آغاز سے اب تک 13 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ ان تمام کا تعلق مغربی کنارے سے ہے۔ ان میں سے 7 کا تعلق صرف جنین سے ہے۔
