اسلام آباد : کراچی میں بلدیاتی الیکشن کے نتائج سے متعلق الزامات بے بنیاد اور لاعلمی پر مبنی ہیں، انتخابات کے نتائج میں تاخیر نہیں، نتیجے اپنے وقت پر آرہے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن قراة العین نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کا عملہ نتائج مرتب کر رہا ہے، الزامات بے بنیاد اور لاعلمی پر مبنی ہیں، 2015ءکے بلدیاتی انتخابات میں بھی نتائج 3 دن میں مکمل ہوئے تھے۔ انتخابات کے نتائج میں تاخیر نہیں، نتیجے اپنے وقت پر آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنرل الیکشن میں ہر ریٹرننگ آفیسرکے پاس ایک ہی کیٹیگری کا فارم ہوتا ہے جب کہ بلدیاتی انتخاب میں ایک ریٹرننگ آفیسرکے پاس کم از کم 5 یونین کونسلز ہیں، ہر یوسی میں چیئرمین وائس چیئرمین سمیت 5 سے 6 کیٹیگریز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فارم 12،11 کی شکایات پر چیف الیکشن کمشنر نے خود ریٹرننگ آفیسرز سے رابطہ کیا، دھاندلی کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا، تمام پولنگ ایجنٹس کو فارم 12،11 دینگے۔
