کراچی:جماعت اسلامی نے کراچی بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی کے خلاف ڈسٹرکٹ کمشنر غربی کے دفتر کے باہر دھرنا دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی بلدیاتی الیکشن میں 9 کے قریب نشستوں پر نتائج میں دھاندلی کرکے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب ٹہرایا گیا ہے، جس کے بعد جماعت اسلامی پاکستان نے ملک بھر میں احتجاجی دھرنے دینے کااعلان کیا ہے۔
جماعت اسلامی کے کارکنان نے ڈسٹرکٹ کمشنر غربی کے دفتر کے باہر بلدیاتی انتخاب کے نتائج میں دھاندلی کے خلاف احتجاجی دھرنا دے دیا ہے،جس میں دیگر شعبہ ہائے سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ہے ، دھرنے میں شریک لوگوں نے ہاتھوں میں سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن کے خلاف پوسٹر اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے ، جن پر بلدیاتی انتخاب کے نتائج درست کرنے کا مطالبہ درج ہے۔
جماعت اسلامی ضلع غربی کے امیر نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سندھ حکومت جماعت اسلامی کی فتح سے خوف ہوکر ہمارے لوگوں کو گرفتار کررہی ہے، پیپلز پارٹی کراچی پر قبضہ کرنا بند کرے اور جماعت اسلامی کے کامیاب امیدواروں کے نتائج کو تسلیم کرے۔
