کراچی: صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت سعید غنی نے کہاہے کہ میئر کے امیدوار کا نام فائنل نہیں ہوا، اس پر ابھی مشاورت ہو گی، پیپلز پارٹی کو جماعتِ اسلامی کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے مطالبے پر اعتراض نہیں ہے۔
سعید غنی نے کہاکہ میئر کے لیے جماعتِ اسلامی سے بات کریں گے، ان کے اعتراضات دور کرنے کی کوشش کریں گے، وسطی اور کورنگی میں نتائج کی تاخیر پر احتجاج ہوا، دونوں میں پیپلز پارٹی کی چند ہی سیٹیں ہیں، پیپلز پارٹی کو بھی انتخابی نتائج کی تاخیر پر تشویش تھی۔
صوبائی وزیرکا کہنا تھا کہ جماعتِ اسلامی نے ہماری توقع سے زیادہ نشستیں لے لی ہیں، ہماری دوبارہ گنتی کی درخواست پر بھی کسی کو بھی اعتراض نہیں ہونا چاہیے، میئر کراچی کیلیے پی ٹی آئی اس لائق ہی نہیں ہے کہ ان سے بات کی جائے، جماعتِ اسلامی سے بات چیت کریں گے۔
