ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

ڈاکوؤں نے مزید 3 شہریوں کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا

 کراچی: شہر میں ڈاکوؤں کی وارداتوں کا سلسلہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا، کلاکوٹ اور شاہ لطیف ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر 3 شہریوں کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ سٹی میں ڈاکو راج کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق لیاری کے علاقے کلاکوٹ برف خانہ والی گلی گھاس منڈی کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے 2 افراد کو زخمی کر دیا۔ جنھیں فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی شناخت 40 سالہ شیراز اور 30 سالہ محمد الیاس کے نام سے کی گئی۔ اس حوالے سے کلاکوٹ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ سٹی کے علاقے نیپیئر میں چند روز قبل موٹر سائیکل سوار گینگ وار کے ملزمان خوف و ہراس پھیلانے کے لیے ایک بلڈر کے دفتر کے قریب دستی بم پھینک کر فرار ہوئے تھے جس میں بارودی مواد موجود نہیں تھا۔

ڈسٹرکٹ سٹی میں جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر علاقہ مکینوں میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے اور انھوں نے ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان بلوچ سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈسٹرکٹ سٹی میں پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

دریں اثنا شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے ملیر ندی کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 40 سالہ دلدار کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں