ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

کرپٹ حکومتیں برائی کی جڑ ہیں، سراج الحق 

Anti-national

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ قوم کو تقسیم کرنے والے ملک کے دشمن، کرپٹ حکومتیں برائی کی جڑ ہیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام گلا سڑا اور مردہ ہے، جس میں کمزور کو انصاف نہیں ملتا۔ فرسودہ نظام کے تعفن کی وجہ سے پورا ملک متاثرہو رہا ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں میں کسی کا احتساب ہوا نہ کوئی ادارہ ٹھیک ہوا۔ مصنوعی مہنگائی سے عوام کی جیبوں سے پیسہ نکال کر مافیاز کے اکاﺅنٹس میں ڈالا جا رہا ہے۔ بتایا جائے کہ اب تک لیے گئے بیرونی قرضے کہاں خرچ ہوئے، آئی ایم ایف کے تمام معاہدوں کو قوم کے سامنے رکھا جائے، بند کمروںمیں فیصلے عوام کو منظور نہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ پورے ملک میں بیک وقت انتخابات ہوں جس کے لیے صوبوں سمیت مرکز میں بھی نگران سیٹ اپ تشکیل دیا جائے۔ قومی انتخابات کے لیے تمام قومی سیاسی جماعتیں مذاکرات کا آغاز کریں۔ علما منبر و محراب سے کرپٹ نظام اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف جہاد کریں ۔علما جدید اسلامی اور فلاحی ریاست کی تشکیل میں کردار ادا کریں اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ وہ منصورہ میں ”اسلامی پاکستان ہی خوشحال پاکستان ہے” کے موضوع پر علما کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ جمعیت اتحاد العلما اور جماعت اسلامی لاہور نے کنونشن کا انعقاد کیا تھا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی مہنگائی، بے روزگاری اور عدم استحکام کا نام ہیں۔ کرپٹ ٹرائیکا کی وجہ سے ترقی کا پہیہ جام ہوا اور ہر طرف تباہی آئی، تینوں نے عوام کو رلایا۔ موجودہ اور ماضی کی حکومتوں کی نااہلی کی وجہ سے معیشت تباہ ہوئی، ڈالر کو پر لگ گئے۔ پڑھے لکھے نوجوان مستقبل سے مایوس ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں، عوام آٹے کی لائنوں میں کھڑے ہیں، بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتیں غریب اور سفید پوش طبقہ کی پہنچ سے دور ہو گئیں، لوگوں کے لیے ایک وقت کی روٹی کا انتظام کرنا مشکل ہو گیا، صحت اور تعلیم کا نظام بیٹھ گیا، ڈھائی کروڑ بچے غربت کی وجہ سے اسکولوں سے باہر ہیں، 80فیصد سے زائد عوام کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں، ان تمام حالات کی ذمہ دار حکمران جماعتیں ہیں جو اب بری طرح ایکسپوز ہو گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ عوام ان حکمرانوں پر اعتبار کرنے کے لیے تیار نہیں۔ ٹرائیکا کو بار بار موقع ملا مگر انہوں نے ہر بار عوام کو مایوس کیا۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی آئندہ سو برس بھی اقتدار رہیں تو بہتری نہیں آئے گی۔سراج الحق نے کہا کہ دو صوبوں میں الیکشن مسائل کا حل نہیں، اس سے استحکام نہیں آئے گا۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ صاف اور شفاف انتخابات کا مطالبہ کیا ہے۔ الیکشن میں شفافیت کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، عوام کو اپنے نمائندے آزادانہ اور منصفانہ طریقے سے چننے کا حق نہیں دیا جائے گا تو ملک انارکی کی طرف بڑھے گا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں