کراچی: امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ مہنگائی کے طوفان سمیت پاکستان آج جن مسائل کے دلدل میں پہنسا ہوا ہے ان کی بنیادی وجہ مغرب کی غلامی اور دین سے دوری ہے۔
محمد حسین محنتی کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی کرپشن اور غلامانہ پالیسیوں نے ملک کی بنیادوں کو ہلاکر رکھ دیا ہے۔ پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور عوام کے بنیادی مسائل کا حل اسلامی نظام کے قیام میں مضمر ہے۔علمائے کرام معاشرے کی اصلاح ، نفرتوں کے خاتمے اور غلبہ دین کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ منصورہ سندھ میں فاضلین مدارس اور مفتیان کرام کی خصوصی نشست سے خطاب کے دوران کیا۔مدیر جامعہ مولانا محمد احسن بھٹو،صوبائی رہنما عبدالوحید قریشی ،مولانا افتاب ملک، مولانا عبدالقدوس احمدانی ، امیر ضلع مولانا ایاز احمد اصلاحی، مفتی عرفان عادل اور مجاہد چنا بھی ساتھ موجود تھے۔
صوبائی امیر کا مزید کہنا تھاکہ قرآن پاک کی بے حرمتی و کشمیر سے لیکر حقوق انسانی تک مغرب کا منافقانہ چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے اس کے لینے ودینے کے الگ الگ پیمانے ہیں۔اسلام و پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ لازم ملزوم ہیں۔ بنک بیلنس و دولت سے نہیں اصل کامیابی دینداری و آخرت کی کامیابی ہے۔
علمائے کرام پر زور دیتے ہوئے ان کہنا تھا کہ دینی مدارس خیر کے مراکز اور آپ امت کا فکری اثاثہ ہیں۔ معاشری کی قیادت کے ساتھ دور جدید کے فتنوں اور مغرب کی سازشوں کو ناکام بناکر نظریاتی سرحدوں کی حفاظت ان کی اولین ذمے داری ہے۔
