اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عبادت کے دوران خودکش حملے کرنے والے اسلام، انسانیت اور پاکستان کے دشمن ہیں۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے مسجد میں خودکش حملے کے نتیجے میں نمازیوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی دہشت گردانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں، پوری پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف پرعزم ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم دہشت گردوں کے مکمل اور حتمی خاتمے کے لیے اپنی سیکورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے مشترکہ اور دوررس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی نظریاتی بنیاد ختم کرنے کے لیے تمام مکاتب فکر کو مل کر کام کرنا ہوگا، اسلام شہریوں کے بہیمانہ قتل اور خودکش حملوں کی اجازت بالکل نہیں دیتا، ایسی دہشت گردانہ کارروائیاں اسلام کی تعلیمات کے منافی ہیں۔
صدر مملکت نے خودکش حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی ، حملے میں شہید ہونے والوں کے بلندی درجات اور ورثا کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
