پنجاب اور خیبرپختونخوا میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے پیش نظر لوکل گورنمنٹ اور کنٹونمنٹ بورڈ کی معطلی کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق درخواست پر کل سماعت کریں گے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں لوکل گورنمنٹ اور کنٹونمنٹ بورڈز کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اب تک پنجاب، خیبرپختونخوا کے صوبائی انتخابات کا شیڈول جاری نہیں کیا، نہ ہی اب تک دونوں صوبوں میں نئی ووٹر لسٹیں مرتب کرنے کا عمل شروع کیا گیا ہے جب کہ الیکشن کمیشن نے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے دونوں صوبوں میں لوکل گورنمنٹ، کنٹونمنٹ بورڈ کو معطل کردیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ دونوں صوبوں میں کنٹونمنٹ بورڈ اور لوکل گورنمنٹ کی معطلی سے شہریوں کے کام اور حقوق متاثر ہورہے ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت الیکشن کمیشن کا کنٹونمنٹ بورڈز کی معطلی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے۔درخواست میں چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ڈی جی لا کو فریق بنایا گیا ہے۔
