لاہور: سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ناکام تو پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی کی کھچڑی ناکام ترین ثابت ہوئی،آزمائے ہوئے اور بار بار اقتدار کے مزے لینے والے حکمران ایکسپوز ہو گئے۔
امیر العظیم کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں میں فرق یہ ہے کہ جماعت دین کی روشنی میں سیاست کرتی ہے اور اس کا مقصد ملک کو اسلامی نظام دینا ہے، ہم فرد کی اصلاح پر توجہ دیتے ہیں۔ جماعت اسلامی سمجھتی ہے کہ دین اور دنیا کی کامیابی اللہ کے نظام کے لیے جدوجہد کرنے میں ہے۔ وہ منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کر رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ سوشلزم، کیمونزم اور قوم پرستی کے بت پاش پاش ہو گئے اب انسانیت کو دین حق کی ضرورت ہے اور اسی میں ہی انسان انسانوں کی غلامی سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ پاکستان میں جاگیردار، وڈیرے اور کرپٹ سرمایہ دار سیاست پر قابض ہیں، ان کا اوڑھنا بچھونا سیاست ہے، لیکن یہ ڈلیور نہیں کر سکے۔
امیر العظیم کا مزید کہنا تھاکہ بانی جماعت سید ابوالاعلیٰ مودودی نے زندگی کے ہر معاملے میں لوگوں کی رہنمائی کی، انھوں نے نظام زندگی کی بات کی اور اس کو اتنے آسان پیرائے میں لوگوں پر واضح کر دیا کہ یہ سب قابل عمل ہیں۔ جماعت اسلامی اپنے قیام سے لے کر اب تک دین اسلام کے نفاذ کا مطالبہ اور جدوجہد کر رہی ہے اور ان شاء اللہ ہم اپنے مقصد میں کامیاب ہوں گے۔
