اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی)نے پیرا سیٹا مول سمیت مزید 20 ادویات کے ریٹ بڑھانے کی منظوری دے دی۔
ای سی سی نے 18 نئی ادویات کی بھی زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمتوں کے تعین کی منظوری دیدی ہے۔ اس کے علاوہ بجلی کے بڑے صارفین سے 76 ارب روپے وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے بجلی کے بڑے صارفین پر ایک روپیہ فی یونٹ سرچارج عائد ہو گا۔سرچارج کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونیوالے ای سی سی کے اجلاس میں پیراسیٹامول سادہ گولی 500 ملی گرام کی قیمت روپے میں 2.67 اور پیراسیٹامول ایکسٹرا ٹیبلٹ 500 ملی گرام کی قیمت 3.32 روپے مقرر کرنے کی منظوری دیدی ہے۔
ای سی سی نے گلگت بلتستان کو گندم کی سبسڈی کی فراہمی کی سمری اور ہارڈ شپ کٹیگری کی بنیاد پر 123 ادویات کی زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمتیں بڑھانے کی 2 سمریاں جب کہ وزیراعظم آفس کے لیے ٹیکنیکل سپلمنٹری گرانٹ کی سمری موخر کردی ہیں۔
