یورپی یونین انتظامیہ نے 6 فروری کے زلزلے سے متاثرہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کی مدد کے لئے مارچ کے آغاز میں عطیہ کنندگان کی کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔
یورپی یونین کمیشن کے جاری کردہ بیان کے مطابق کمیشن کی سربراہ اُرسولا وان ڈر لئین اور یورپی یونین کے ٹرم چیئر مین ملک سویڈن کے وزیر اعظم اُلف کرٹوشن نے ترک حکام کے زیرِ انتظام ڈونر کانفرنس کے انعقاد کی خواہش ظاہر کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کانفرنس کا مقصد بین الاقوامی برادری کو ترکیہ اور شام کی مالی امداد کے لئے متحرک کرنا ہے۔ کانفرنس مارچ کے آغاز میں بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں منعقد کرنے کا پروگرام بنایا جا رہا ہے۔
مذکورہ اعلیٰ سطحی کانفرنس کے دروازے یورپی یونین ممالک ، ان کے ہمسایہ ممالک، اقوام متحدہ کے رکن ممالک، بین الاقوامی مالی اداروں اور دیگر اداروں کے لئے کھُلے ہوں گے۔ کانفرنس یورپی یونین کمیشن کے کمشنر برائے امورِ ہمسائیگی و توسیعی پالیسی ‘اولیور وارہیلے اور سویڈن کے وزیر برائے بین الاقوامی ترقی و تعاون اور خارجہ تجارت ‘جوہان فورسیل’ کی زیرِ صدارت منعقد ہو گی۔
بیان میں اپنے رائے کا اظہار کرتے ہوئے یورپی یونین کمیشن کی سربراہ اُرسولا وان ڈر لئین نے کہا ہے کہ زلزلے کی تباہ کاریوں نے ہمیں ہِلا کر رکھ دیا ہے۔ اس وقت ہماری ترجیح جلد از جلد اور جتنے زیادہ ممکن ہو سکے زلزلہ زدگان کو ملبے سے زندہ نکالنا ہے۔
وان ڈر لئین نے کہا ہے کہ "ہمارا ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کے لئے پیغام ہے کہ یورپی یونین آپ کی مدد کرے گی۔ ایسے المیے کے مقابل کسی کو بھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا”۔
سویڈن کے وزیر اعظم کرسٹوشن نے بھی کہا ہے کہ” ماضی قریب میں ایسے تباہ کن زلزلے کی مثال نہیں ملتی۔ زلزلے کے اثرات حقیقتاً نہایت خوفناک ہیں”۔
کرسٹوشن نے کہا ہے کہ ہماری تمّنا ہے کہ اس مشکل وقت میں یورپی یونین کی امداد ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کی ضروریات پوری کرنے کے لئے کافی ثابت ہوں۔