کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کیلئے دن رات کوشاں ہیں، اتنا کمزور نہیں ہوں، استعفی نہیں دوں گا۔
وزیر اعلی بلوچستان کا کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ لوکل باڈی الیکشن میں کسی جماعت نے انگلی نہیں اٹھائی، سپورٹ کرنے والی تمام پارٹیوں کا شکر گزار ہوں، اتنا کمزور نہیں ہوں، استعفی نہیں دوں گا، ہمت نہیں ہاروں گا، مشکلات کا سامنا کروں گا، مشکلات اللہ کی طرف سے آتی ہیں، میں نے کہا تھا جوڈیشری اپنا کام نہیں کر رہی، عدلیہ اور باقی اداروں کی طرف سے مشکلات آ رہی ہیں۔
عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ شائد الیکشن میں بھی حصہ نہ لوں، کافی دنوں سے سوچ رہا تھا اس کرسی پر رہوں گا یا نہیں، الیکشن کمیشن کے گوشواروں میں الیکشن اخراجات پر جھوٹ بولا جاتا ہے، الیکشن میں کوئی بھی 10 سے 15 کروڑ سے کم خرچ نہیں کرتا، تمام مسائل کا ملبہ سیاست دانوں پر ڈالا جاتا ہے۔
