اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صد راورسابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ریاست کے ساتھ اپنے حلف کا پاس کریں ،کسی سیاسی پارٹی کا وفادار اہل کار ثابت کرنا سول سرونٹس کیلئے نامناسب ہے ۔
ان خیالات کااظہار فواد چوہدری نے اتوار کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا کہ پنجاب میں بیوروکریٹس جو 25 مئی کے واقعات میں شامل تھے اور جن کو دوبارہ نقوی حکومت نے دھاندلی کی نیت سے پنجاب میں تعینات کیا ان سے کہتا ہوں خود پنجاب سے علیحدہ ہو جائیں ۔
پنجاب میں بیوروکریٹس جو 25 مئ کے واقعات میں شامل تھے اور جن کو دوبارہ نقوی حکومت نے دھاندلی کی نیت سے پنجاب میں تعینات کیا ان سے کہتا ہوں خود پنجاب سے علیحدہ ہو جائیں،ریاست کے ساتھ اپنے حلف کا پاس کریں ،کسی سیاسی پارٹی کا وفادار اھل کار ثابت کرنا سول سرونٹس کیلئے نامناسب ہے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) February 12, 2023
فوادچوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو انتخابات کیلئے آج اجلاس منعقد کرنا چاہئے تھا،آئین اور عدالتی احکامات کو مذاق نہ بنائیں،عدالت کے واضح حکامات کے بعد بھی عام تاثر ہے کہ چونکہ الیکشن کمیشن منشیوں پر مشتمل ہے اسلام آباد کی طرح صوبائی الیکشن بھی نہیں کرائے گا ۔آئین کے ساتھ یہ کھلواڑملک کو مہنگا پڑے گا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارے پاس آئین ہی متفقہ دستاویز ہے اگر آئین کو بھی روند دیا گیا تو پاکستان کی ریاست شدید خطرات کا شکار ہو جائیگی ، بہت ہو گیا آئین کی بالادستی کیلئے ہماری تحریک بالکل تیار ہے جیل بھرو سے اس تحریک کا آغاز ہو گا اور آئین کی بحالی تک تحریک جاری رہے گی۔
