اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے مخالفین پر غداری کے مقدمات بنائے ہیں، اگر میں غدار ہوں تو میرے سارے ووٹر غدار ہیں۔
اسلام آباد میں عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ غداری کیس میں پیشی تھی، ابھی تک پولیس چالان پیش نہ کر سکی، چالان پیش کریں تاکہ ہمیں بھی پتہ لگے کہ ہم نے غداری کیا کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کچھ ناسمجھ لوگ ہیں جنہیں تاریخ کا نہیں پتہ، ہمارے اوورسیز پاکستانی ان سے کیوں نفرت کرتے ہیں؟۔پی ٹی آئی رہنمانے کہا کہ اس حکومت نے گرین پاسپورٹ کی عزت ختم کر دی ، الیکشن کے لئے یہ لوگ تیار نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمران پاکستان میں نہیں ملیں گے، ہر وقت بیرونی دوروں پر ہوتے ہیں، پاکستان کا مذاق بنا دیا گیا ہے، ملک کو بحران کا شکار کردیا گیا، پاکستان کو شہبازشریف اور بلاول کی وجہ سے شرمندگی کا سامنا ہے ۔
فواد چوہدری نے کہا کہ موجودہ حکومت والے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں،اگر پی ٹی آئی نے صرف الیکشن لڑنا تھا تو ہمارا اپوزیشن لیڈر آنے دیتے، الیکشن کمیشن پر اربوں روپے خرچ کئے جاتے ہیں، عمران خان کو روکنے کے لیے یہ ہم پر مسلط کردیئے گئے ہیں، ہمارے استعفے بھی جلد قبول کئے اور الیکشن کرانے کو بھی تیا ر نہیں ہیں، حکمرانوں نے مخالفین پر غداری کے مقدمات بنائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن انتخابات وقت پر نہیں کرتے تو یہ آئین کی خلاف ورزی ہے، اسلام آباد الیکشن میںہائیکورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہورہا ، انہوں نے کہا کہ ہم جیل بھرو تحریک کیلئے تیار ہیں۔
