کراچی:وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آڈیو لیک کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حکومت نے ایف آئی اے کو شوکت ترین کو گرفتار کرنے کی اجازت دے دی، شوکت ترین عمران خان کے بہکاوے میں آگئے تھے۔
رانا ثنا نے کہاکہ ایف آئی اے نے آڈیو لیک کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سابق وزیر خزانہ کی گرفتاری کی اجازت مانگی جو حکومت نے دے دی، عمران خان کیخلاف بھی جلد قانون حرکت میں آئے گا، عدالتوں سے فیصلے آنے کے بعد قوم کو اقدامات نظر آئیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان پچھلے سات آٹھ ماہ سے باقاعدہ مہم جوئی اور کوشش کررہے ہیں کہ پاکستان عدم استحکام کا شکار ہو جائے تاکہ معاشی طور پر استحکام حاصل نہ کر سکے اور خدانخواستہ ڈیفالٹ کر جائے۔
رانا ثنا نے کہا کہ عمران خان قبل ازوقت انتخابات کا انعقاد اس لیے چاہتا ہے تاکہ اس کے خلاف جاری کیسز کی تحقیقات رک جائیں اور پھر مقدمات دب جائیں، سی پیک سے پاکستان کا مستقبل وابستہ ہے، امن برقرار رکھنے،ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دن رات کوشاں ہیں، سی پیک سے پاکستان کا روشن مستقبل وابستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنائی جارہی ہے ، عمران خان نے ہمیشہ انتقامی سیاست کی اور ملک دشمن پالیسیاں چلائیں، شیخ رشید اپنی بکواس اور غیرضروری بیانات کی وجہ سے جیل میں ہے۔
