کراچی:جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے زوردیا ہے کہ ملک میں ساتویں اورپہلی ڈجیٹل مردم شماری کو شفاف بنانے کے لیے ضروری ہے کہ سیاسی جماعتوں کے تحفظات اور تمام طبقات کے خدشات کو ختم کیا جائے۔
محمد حسین محنتی نے کہا کہ ابتر معاشی وسیاسی حالات میں بروقت اورپورے ملک میں ایک ساتھ عام انتخابات کا اعلان وقت کی ضرورت ہے، انحراف یا دوسرا راستہ ملک کو مزید نئے بحران کی طرف دھکیل دے گا۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ ملکی خسارے کا سارا بوجھ غریب آدمی پر ڈالنے کی بجائے مراعات یافتہ طبقہ وجاگیرداروں سے بھی ٹیکس لیا جائے ایک غریب ومقروض ملک کی 85رکنی ملکی تاریخ کی رکارڈ کابینہ مفاد پرست حکمران ٹولے کی بے حسی کی انہتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اسلامی نظام دیانتدار ومخلص قیادت ہی ملک کو موجودہ بحران اور عوام کے مسائل حل کرسکتی ہے، مہنگائی کے طوفان نے غریب آدمی کا زندہ رہنا مشکل بنادیا ہے ملکی خزانہ پر مٹھی بھر اشرافیہ عیاشیاں کررہا ہے تمام مراعات اور سبسڈی بھی انہی کو دی جارہی ہے۔
محمد حسین محنتی کا کہنا تھا کہ یہ غریب عوام کا خون چوسنے اور اپنے مفادات کیلئے اکٹھے ہوجاتا ہے صرف پارٹیوں کے جھنڈے تبدیل ہوتے ہیں باقی تمام حکمران جماعتوں کا ایجنڈا غربت کی بجائے غریب ختم کرو کا ہے۔
انہوں نے کہاکہ عوام کو اس بدبودار نظام اور ان کے گماشتوں کیخلاف علم بغاوت اٹھانا ہوگا ورنہ ملک مزید مقروض اور آئندہ آنے والی نسلیں غلام درغلام رہیں گی۔ جماعت اسلامی فرسودہ نظام کے خاتمے اور اسلام کے عادلانہ نظام کے قیام کیلئے جدوجہد کررہی ہے اسلئے عوام اپنے مسائل کے حل اور اسلامی وخوشحال پاکستان کے قیام اور چوروں سے نجات کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔
