آج کے ترکی کے اہم اخبارات کی اہم خبروں کے ساتھ حاضر خدمت ہیں۔
***روزنامہ ینی شفق : "ایردوان : یہ قوم 14 مئی کے انتخابات میں اپنے مستقبل کو خود فیصلہ کرے گی”
جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے پارلیمانی گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر رجب طیب ایردوان نے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے، اس موضوع سے متعلق تمام چہ مگوئیوں کو ختم کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قوم اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کی مجاز ہے اور 14 مئی کو یہ اپنا فیصلہ سنا دے گی۔
***روزنامہ وطن "سان اینڈریاس فالٹ سے مشابہت "
قہرامان ماراش کے مرکز میں آنے والے زلزلے امریکہ میں تحقیقات کا موضوع بن گئے ہیں ۔ تحقیقات کے مطابق ایسٹ انا طولین فالٹ سان اینڈریاس فالٹ سے بہت مشابہت رکھتی ہے جو امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا سے گزرتی ہے۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق، سائنسدانوں نے کہا کہ ترکیہ میں آنے والے زلزلے کیلیفورنیا میں آنے والے ممکنہ زلزلوں سے متعلق سبق آموز حیثیت کے حامل ہیں۔
***روزنامہ سٹار "یورونیوز کا ترکیہ سے متعلق تجزیہ: بکنگ منسوخ نہیں ہوئیں "
بین الاقوامی نیوز پورٹل یورونیوز کے مطابق ترکیہ جو دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے 2022 میں اس ملک کی 51 ملین سے زیادہ سیاحوں نے سیر کی۔ خبر کے مطابق استنبول سمیت انطالیہ، مولا، ازمیر، کپاڈوکیہ اور قونیا جیسے اہم سیاحتی مقامات زلزلے سے متاثرہ نہ ہونے والے مقامات ہیں۔ خبر کے مطابق اس وجہ سے ترکیہ میں تباہ کن تباہی کے باوجود سیاحوں نے اپنا سفر کے منسوخ نہیں کیا ہے اور نہ ہی بکنگ کینسل کروائی ہے۔
***روزنامہ حریت : "موڈیز نے ترکیہ شرع ترقی میں اضافے کی پیشن گوئی کردی "
کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے 2023 کے لیے ترکیہ کے لیے اپنی ترقی کی توقعات کو 2 فیصد سے بڑھا کر 2.3 فیصد اور 2024 کے لیے 3 فیصد سے بڑھا کر 4 فیصد کر دیا ہے۔
روزنامہ خبر ترک : "چینی BYD کمپنی نے ترکیہ میں اپنے ڈسٹی بیوٹر کا انتخاب کرلیا "
چینی الیکٹرک کار بنانے والی کمپنی BYD (Build Your Dreams) نے ترکیہ کی کمپنی ALJ کے ساتھ ترکیہ کی مارکیٹ میں داخل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ BYD کے الیکٹرک مسافر اور تجارتی ماڈلز کی ترکیہ میں فروخت کے لیے ڈسٹی بیوٹر کے سمجھوتے پر دستخط کردیے ہیں۔