پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز میں قومی اسکواڈ میں عماد ، اعظم اور اسامہ میر کو شامل کرنے کا امکان ہے پاک افغان ٹی 20 سریز کا اعلان آئندہ کچھ روز میں کردیا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان اور افغانستان بورڈز کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے معاملات حتمی مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں اور چند روز میں پاک افغان ٹی 20 سریز کا اعلان کردیا جائے گا ۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز شارجہ میں کھیلی جائے گی، پاکستان ٹیم 23 مارچ کو متحدہ عرب امارات روانہ ہو گی، ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز ایک ہفتے کے دروان مکمل کر لی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں کچھ نئے چہروں کو شامل کرنے کا امکان ہے جب کہ بعض کو آرام دیا جا سکتا ہے، آل راونڈر عماد وسیم ، اعظم خان اور اسامہ میر کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کیے جانے کے قوی امکانات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کے خلاف سیریز میں عبوری کوچنگ اسٹاف ذمہ داریاں نبھائے گا۔
