کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر خلیل احمد ناصر اور جنرل سیکریٹری نعمت خان نے سینئر سپورٹس جرنلسٹس ، رکن کے یو جے اور کراچی پریس کلب شعیب جٹ کو دھمکیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر دھمکی دینے والوں کے خلاف ایکشن لیں اور شعیب جٹ کو تحفظ فراہم کرے۔
صدر خلیل ناصر نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے شعیب جٹ کو ٹویٹر اور دیگر پلیٹ فارم پر قتل کی سنگین دھمکیاں دی جارہی ہیں اس لیے حکومت کو چاہیے کہ ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کو ان افراد کے خلاف کارروائی کی احکامات دے۔
جنرل سیکریٹری نعمت خان نے کہا کہ شعیب جٹ آن لائن دھمکیاں ملنے کے بعد باقاعدہ ایف آئی اے سائبر کرائمز میں تحریری درخواست بھی جمع کروائی تھی تاہم سائبرکرائم کی جانب سے ان کی درخواست پر تاحال کوئی کارروائی نہیں کی ہے، جو سمجھ سے بالاتر ہے۔
کے یو جے دستور نے سیکریرٹری پریس کلب کے ساتھ واردات کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر مجروموں کو گرفتار کریں۔
صدرکے یوجے (دستور)خلیل ناصر اور جنرل سیکریٹری نعمت خان نے کہا ہے کہ شہر میں مجروموں کا راج ہے اور پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے عوام کو تحفظ دینے میں ناکام رہے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بڑھتی ہوئی لوٹ مار کی وارداتوں کی روک تھام کی جائے۔
واضح رہے کہ سمن آباد تھانے کی حدود میں مجرموں نے سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد سے ان کا موبائل اور نقدی چھینی اور باآسانی فرار ہوگئے۔
