ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

امریکہ کی کئی ریاستوں میں طوفانی بگولوں سے تباہی، اموات 26 ہو گئیں

امریکہ کی جنوبی اور وسط مغربی ریاستوں میں ہفتے کو طوفانی بگولوں کے سبب کم از کم 26 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

طوفانی بگولوں کی وجہ سے ریاست آرکنساس میں کم از کم نو ہلاکتیں ٹنیسی کاؤنٹی میں جب کہ چار اموات ٹاؤن وائنی سے رپورٹ کی گئیں۔ ریاست انڈیانا کے علاقے سلیون میں تین افراد اور ریاست الینوائے میں چار افراد ہلاک ہوئے۔

خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب طوفانی بگولے کے سبب مزید ہلاکتیں دیگر علاقوں سے رپورٹ کی گئیں جن میں الاباما اور میسی سپی شامل ہیں جب کہ آرکنسا کے حکام کے مطابق 2600 سے زائد عمارتیں طوفانی بگولوں کی زد میں آئی ہیں۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق طوفانی بگولوں کی رفتار 165 میل فی گھنٹہ تھی۔

رپورٹس کے مطابق امریکہ کی کم از کم آٹھ ریاستوں میں طوفانی بگولوں کی وجہ سے گھر اور کاروبار تباہ ہوئے ہیں جب کہ تیز ہواؤں سے درخت اکھڑ گئے ہیں۔

ریاست ٹنیسی کے علاقے میمفس کے مغرب میں 80 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع وائنی کے شہریوں کے لیے ہفتے کی صبح انتہائی سخت تھی کیوں کہ ان کے سامنے وہ اسکول تھا جس کی کی چھت اڑی ہوئی تھی جب کہ اسکول کی کھڑکیاں غائب تھیں۔

بڑے بڑے درخت زمین پر پڑے تھے اور اکثر و بیشتر درخت جڑوں سے اکھڑے ہوئے تھے۔ بیشتر گھروں کی دیواریں منہدم ہو چکی تھیں اور کھڑکیاں ٹوٹ چکی تھیں۔

میمفس کی پولیس کے ترجمان کرسٹوفر ولیمس کا کہنا تھا کہ علاقے میں ہونے والی تین اموات موسمی وجوہات کے سبب ہوئیں جن میں دو بچے اور ایک اور شخص شامل ہیں۔ان افراد کی موت ان کے گھر پر گرنے والے درخت کی وجہ سے ہوئی۔

دوسری طرف ٹنیسی ریاست کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ جمعے کی رات جیسے موسمی حالات منگل کو بھی متوقع ہیں۔

الینوائے کے علاقے بیلویڈیر میں واقع اپولو تھیٹر کی چھت کا ایک حصہ اس وقت گرا جب لوگ کنسرٹ میں شرکت کر رہے تھے۔

ریاست الینوائے کی کاؤنٹی کرافورڈ کے بورڈ کے سربراہ بل برک کا کہنا تھا کہ تین افراد ہلاک اور آٹھ افراد اس وقت زخمی ہوئے جب طوفانی بگولہ نیو ہیبرون میں آیا۔




بل کے مطابق 60 سے 100 خاندان طوفانی بگولوں کی وجہ سے بے گھر ہوئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق پانچ لاکھ 30 ہزار سے زائد گھر اور کاروبار ہفتے کی دوپہر تک بجلی سے محروم تھے جن میں سے دو لاکھ سے زائد اوہائیو میں واقع ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں