کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ یہ حکومت کتنی بھی کوشش کرلے، کراچی کا میئر جماعت اسلامی ہی کا ہوگا۔
ایف بی ایریا بلاک 5 میں الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت مستحق خاندانوں میں مفت راشن تقسیم کی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پورے ملک میں الخدمت اسپتال ہیں۔ خدمت کا کام ہم کل بھی کررہے تھے اور آج بھی کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی اس شہر کو روشنیوں کا شہر بنائے گی۔ آج ہم 1300 خاندانوں میں راشن تقسیم کررہے ہیں۔ گزشتہ دس دن میں راشن لیتے ہوئے بیس افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ ہم نظم و ضبط کے ساتھ راشن تقسیم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اعتبار سے ہم زیادتی اور ظلم کو سامنے لاتے ہیں۔ کےالیکٹرک ناجائز لوڈ شیڈنگ کررہی ہے اور بل ڈبل بھیج دے ہیں۔ شناختی کارڈ کے مسئلے کو ہم نے اجاگر کیا اور 80 فی صد لوگوں کا مسئلہ حل ہوگیا۔ کوئی پارٹی کوئی حکومت کوئی وزیر اعظم ہو کراچی کو سب نے نظر انداز کیا ہوا ہے۔
امیر جماعت کا کہنا تھا کہ یہ حکومت کتنی بھی کوشش کرکےکراچی کا مئیر جماعت اسلامی کا ہوگا۔ بلاول صاحب کہتے ہیں کہ بہت دیر ہوگئی ہے کراچی کا مئیر جلدی بننا چاہیے۔ پی پی پی 11 یوسیز کے ضمنی انتخابات سے بھاگ رہی ہے۔ ایم کیوایم ایڈمنسٹر اور 4 وزارتیں پکڑ کر خاموش ہوگئے۔ پہلے بھی جعلی مردم شماری کی منظوری پی پی اور ایم کیوایم نے دی تھی۔ اب یہ نہیں چلے گا، اب گنتی بالکل درست کرنا ہوگی۔ ہم سیاست بازی نہیں بلکہ کام کریں گے۔ جماعت اسلامی چھٹی پر نہیں جائے گی بلکہ مسائل کا حل کریں گے۔
