لاہور : پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ حکومت کو آئین توڑنے نہیں دیں گے، عدالتی فیصلہ ماننا پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے حکومتی جماعتوں کے اتحاد کے اجلاس کے اعلامیے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ آئین توڑا گیا تو پورا پاکستان سڑکوں پر ہوگا، بنچ فل کورٹ ہو یا تین رکنی 90 روز میں الیکشن کا کہتا ہے، فسطائیوں کا گروہ الیکشن سے فرار چاہتا ہے۔ آئین شکنوں اور دستور کی پامالی کے مرتکب فسطائی مجرموں کے اجلاسوں، انکے اعلامیوں کی کوئی حیثیت نہیں۔
پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انتشارو ہیجان کے خالق گروہ سے امید تھی کہ آٹے کی قطاروں میں لگ کر موت کے منہ میں جانے والے دو درجن شہریوں کی اموات پر معافی مانگیں گے، مگر مجرموں کا فسطائی گروہ سفاکیت کی تاریخ رقم کرتے ہوئے براہِ راست آئینِ پاکستان ہی پر حملہ آور ہے، پاکستان میں سنگین ترین معاشی و سیاسی بحران کا سبب فسطائیوں کا یہی گروہ ہے، گزشتہ گیارہ ماہ کے دوران انہوں نے معیشت و حکومت کی چولیں ہلا دی ہیں۔
