اسلام آباد:پرائیویٹ حج بھی مزید مہنگا ہوگیا، کم سے کم اخراجات 11لاکھ 80 ہزار روپے جبکہ وی وی آئی پیکیج 34لاکھ روپے سے بھی زیادہ ہوگیا، وزات مذہبی امور نے نجی ٹور آپریٹرز کو حج کوٹے کے ساتھ 12پیکیجز بھی تجویز کردیئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں سال پاکستان سے نجی و سرکاری حج اخراجات غیر معمولی طور پر بڑھ چکے ہیں، ایک عام آدمی کیلئے امسال حج پر جانا انتہائی مشکل ہوگیا،وزارت مذہبی امور نے نجی ٹور آپریٹرز کو حج کوٹہ الاٹ کردیا جبکہ ساتھ ہی پرائیویٹ حج کیلئے 12پیکیجز بھی تجویز کئے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال 736ٹور آپریٹرز میں کوٹہ تقسیم کیا گیا ہے جن کی فہرست بھی جاری کردی گئی، پرائیویٹ اسکیم کے تحت 89ہزار 605عازمین فریضہ حج ادا کر سکیں گے،وزارت مذہبی امور کے پیکیجز کے مطابق رواں سال پرائیویٹ حج کے کم سے کم اخراجات 11لاکھ 80روپے رکھے گئے ہیں جبکہ وی وی آئی پی پیکیج 34 لاکھ روپے کا ہوگیا۔
وزارت مذہبی امور نے نجی ٹور آپریٹرز کیلئے پیکیجز کے ساتھ سہولیات بھی طے کردیں۔ سیکریٹری وزارت مذہبی امور کا کہنا تھا کہ نجی آپریٹرز کی مانیٹرنگ کیلئے جامع حکمت عملی طے کرلی، وعدے کے مطابق سہولیات نہ دینے والے آپریٹرز کو سزائیں ملیں گی۔
