اسلام آباد:قومی اسمبلی کا پرائیویٹ ممبر ڈے کے حوالے سے پچاس نکاتی ایجنڈا دھرے کا دھرا رہ گیا ۔
اجلاس میں سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی اور عدالتی معاملات پر وزیر اعظم سمیت اپوزیشن و وفاقی وزرا نے اظہار خیال کیا ۔ پیپلز پارٹی کے ارکان نے پارٹی کے بانی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ صرف ایک قرار داد لی جا سکی جس کے تحت انسانی اعضاء و عضلات کی پیوندکاری کا ترمیمی بل مشترکہ اجلاس کے سپرد کر دیا گیا ۔
اجلاس اسپیکر راجا پرویز اشرف کی صدارت میں ہوا ۔ پچاس نکاتی ایجنڈا جاری کیا گیا تھا پرائیویٹ ممبر ڈے کی کارروائی نہ ہو سکی آغاز میں ذوالفقار علی بھٹو مرحوم کی برسی کے حوالے سے ارکان کو اظہار خیال کا موقع فراہم کیا گیا ۔
اس موقع پر ایم کیو ایم کے رکن کشور زہرا نے ایک ترمیمی بل مشترکہ اجلاس کے سپرد کرنے کی قرار داد پیش کی یہ بل انسانی اعضاء و عضلات کی پیوندکاری ترمیمی بل 2021 ء ہے ۔ بعد ازاں سرکردہ حکومتی ارکان نے عدالتی معاملات پر اظہار خیال کیا اور فیصلے پر تنقید کرتے رہے ۔
