نیٹو ممالک کے وزرائے خارجہ نے روس کے ساتھ برسرپیکار یوکرین کی حمایت جاری رکھنے، ایشیا پیسیفک کی صورتحال اور دفاعی اخراجات جیسے مسائل پر بات چیت کی ہے۔
بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں نیٹو کے ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہونے والے نیٹو وزرائے خارجہ اجلاس کے دوسرے روز سویڈن بھی مہمان ملک کی حیثیت سے شرکت کر رہا ہے۔
نارتھ اٹلانٹک کونسل کے اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل ہینز اسٹولٹن برگ نے کہا کہ روس مزید جنگوں کی تیاری کر رہا ہے اور یوکرین کو میدان جنگ میں ہر وہ چیز فراہم کی جانی چاہیے جس کی اسے ضرورت ہے۔
اسٹولٹنبرگ نے یہ بھی کہا کہ نیٹو روسی دباؤ کے خلاف اپنے دیگر شراکت داروں مالڈووا، جارجیا اور بوسنیا اور ہرزیگووینا کی حمایت جاری رکھے گا۔
نیٹو کے وزرائے خارجہ آج آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جاپان اور جنوبی کوریا کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ ایشیا پیسیفک کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔