کراچی:ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے رمضان المبارک کے پہلے اور دوسرے عشروں میں ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے دعائیں کرنے پرملک بھر کے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
واضح رہے کہ ابتدائی دو عشروں کے دوران ملک بھر سے بڑی تعداد میں لوگوں نے ٹیلی فون، ایس ایم ایس اور سوشل میڈیا کے ذریعے ڈاکٹر عافیہ سے یکجہتی کا اظہارکیا اور ان کی رہائی کیلئے خصوصی طور پر دعائیں کی۔
ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ جرم بے گناہی کی پاداش میں عافیہ کا 20 واں رمضان قید تنہائی میں گزر رہا ہے۔الحمدللہ، ایک مرتبہ پھر عافیہ کی رہائی کی امیدیں پیدا ہوئی ہیں۔ بیرون ملک انسانی حقوق کے علمبردار عافیہ کی رہائی کیلئے کوششیں کررہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اس موقع پر حکومت، وزارت خارجہ اور ریاستی اداروں کی طرف سے عافیہ کی رہائی کے معاملے کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ یہ سنہری موقع ماضی کی طرح ضائع نہ ہو۔ اس لئے میری آخری عشرے میں اعتکاف کرنے والے تمام معتکفین اور علمائے کرام و ائمہ مساجدسے اپیل ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی جلد رہائی اور وطن واپسی کیلئے خصوصی طور پر دعاؤں کا اہتمام کریں۔
ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ہمشیرہ کا کہنا تھا کہ اعتکاف رمضان المبارک کی ایک عظیم عبادت ہے اور معتکفین اللہ کے بہت نزدیک ہوتے ہیں، میں درخواست کرتی ہوں کہ عافیہ کی رہائی کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں ختم ہونے کیلئے بھی خصوصی طور پر دعاؤں کا اہتمام کریں کیونکہ ماضی میں عافیہ کی رہائی کے کئی مواقع میسر آ چکے ہیں جو کہ حکمرانوں کی بے حسی کے باعث ضائع ہوئے ہیں۔
