لاہور:پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کا ہو یا آزاد کشمیر عدالتوں کا احترام ضروری ہے، امید ہے شہباز شریف آزاد کشمیر ہائیکورٹ کے فیصلے سے سبق حاصل کریں گے ، امید ہے معافی پر سردار تنویر الیاس کو سپریم کورٹ سے ریلیف ملے گا،عدالتی نظام کو تباہ کر کے ملک نہیں چل سکتے ۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری نے کہا کہ موجودہ حکومت کو اپنے انسانی حقوق کے ریکارڈ، آئین پر عمل درآمد کرنے، پاکستان کی معاشی صورت حال، انتظامیہ کے ریکارڈ پر انہیں تاسف کا اظہار کرنا چاہیے تھا، اس کے علاوہ انہیں رہنے کی کوئی دلیل نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں شہباز شریف سے کہتا ہوں پاکستان کے بحرانوں کا واحد حل یہ ہے کہ آپ فوری استعفی دیں اور پاکستان میں انتخابات کی راہ ہموار کریں، آپ کا استعفی ہی بحران کا حل ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کو مخاطب کرکے ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے آپ کو نااہل کرنے کا انتظام کرلیا ہے اور آپ چند دنوں کے مہمان ہیں، اس لیے استعفی دیں اور عام انتخابات کا اعلان کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ جس طرح عدالتوں کے احکامات حتی کہ سپریم کورٹ کے احکامات کو ردی کی ٹوکری میں ڈالا گیا اور سپریم کورٹ کے ادارے کو ختم کرنے کی جو بہیمانہ کوششیں کی گئیں، اس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ کل پارلیمان میں تقریروں میں جس طرح سپریم کورٹ کی بے توقیری کی گئی، جس طرح آئین کا مذاق اڑا گیا وہ شاید ہی دنیا میں کہیں اور کسی پارلیمنٹ میں ہوا ہو۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم یہاں ہائی کورٹ میں آئے تھے، یہاں معاملہ یہ ہے کہ الیکشن کمیشن حکومت پنجاب کو تبادلوں کے لیے کھلی چھٹی نہیں دے سکتا، اس وقت پنجاب پولیس اور حکومت بڑے اغوا کار بنے ہوئے ہیں۔ یا۔
