ویب ڈیسک —
بھارت کی ریاست پنجاب کے بٹھنڈا ملٹری اسٹیشن میں فائرنگ کے نتیجے میں چار اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ فورسز نے واقعے کے بعد چھاؤنی میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
بھارتی نشریاتی ادارے ‘این ڈی ٹی وی’ کی رپورٹ کے مطابق فوج کی جنوب مغربی کمانڈ نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ بدھ کی علی الصباح چار بجکر 35 منٹ پر بٹھنڈا چھاؤنی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں چار اہلکار ہلاک ہوئے۔
فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فائرنگ کے بعد فوج کی کوئیک ری ایکشن ٹیمیں متحرک ہو گئیں اور انہوں نے چھاؤنی کو گھیرے میں لیتے ہوئے سیل کر دیا ہے۔
فوج کے مطابق سرچ آپریشن تاحال جاری ہے جب کہ واقعے کی مزید معلومات سے متعلق بعد میں آگاہ کیا جائے گا۔
اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ فوجی چھاؤنی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے یا فائرنگ کا واقعہ اندرونی کارروائی کا نتیجہ ہے۔
بھارتی چھاؤنیوں پر ماضی میں بھی دہشت گردوں کےحملے سمیت اہلکاروں کے آپس کے جھگڑے کے بعد فائرنگ کے واقعات بھی رپورٹ ہوتے رہے ہیں۔
گزشتہ برس جون میں پنجاب کے ضلع پٹھان کوٹ کی چھاؤنی میں ایک سپاہی نے فائرنگ کر کے دو حوالداروں کو ہلاک کر دیا تھا۔ اسی طرح بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کی ‘سنجوان’ نامی چھاؤنی پر فروری 2018 میں ہونے والے دہشت گردوں کے حملے میں دو فوجی ہلاک اور چار زخمی ہوگئے تھے۔