کراچی: ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ ہر ممکن کوشش کی جائے کہ ترقیاتی فنڈز کا بروقت اور درست استعمال کو یقینی بنایا جائے۔
مالی سال 2023-24 کے لیے ترقیاتی اسکیمیں جلد تیار کرکے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں تاکہ انہیں منظوری کے لئے حکومت کو بھیجے جانے سے قبل حتمی شکل دی جاسکے، میونسپل سروسز، پارکس اور میڈیکل اینڈ ہیلتھ کی اسکیموں میں ترجیحات کا تعین کیا جائے۔
یہ ہدایات انہوں نے منگل کے روز اپنے دفتر میں سالانہ ترقیاتی اسکیموں سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر سید شجاعت حسین، مشیر مالیات غلام مرتضی بھٹو، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز اظہر حسین شاہ، ڈائریکٹر جنرل پارکس جنید اللہ خان، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز نعمان ارشد، سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس سیف عباس حسنی، سینئر ڈ ائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز ڈاکٹر آصف ندیم، سینئر ڈائریکٹر آئی ٹی بشیر صدیقی، ڈائریکٹر فنانس محمود بیگ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس میں مالی سال 2022-23کے دوران بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکموں سے متعلق ترقیاتی اسکیموں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ مالی سال 2023-24 کے لیے مجوزہ اسکیموں کی تیاری اور دیگر تفصیلات پیش کی گئیں۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر، میونسپل سروسز، کلچر اینڈ اسپورٹس، انجینئرنگ اور محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز کے سربراہان سے باری باری ان کے محکموں سے متعلق اسکیموں کی تفصیلات دریافت کیں اور انہیں ہدایات کی کہ آئندہ مالی سال کے لئے جن اسکیموں کو شامل کرنا ہے۔
ان کے لئے ابھی سے ترجیحات متعین کی جائیں اور اشد ضروری کاموں کو زیادہ اہمیت دی جائے اس بات کا بھی خیال رکھا جائے کہ حکومت سے ملنے والی ریلیز کا بروقت اور درست استعمال کیا جائے۔
پہلے سے جاری اسکیموں پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور جن اسکیموں پر کام رکا ہوا ہے اس کی وجوہات سے فوری آگاہ کیا جائے۔
انہو ںنے کہا کہ افسران آئندہ اجلاس میں مکمل تیاری کے ساتھ آئیں اور تمام تر کاغذات اور دستاویزات ساتھ لائیں، انہوں نے ہدایت کی کہ ایک ہی کام کو دو جگہ اسکیموں میں دکھائے جانے سے گریز کیا جانا چاہئے اس کے لئے تمام متعلقہ محکمے انجینئرنگ اور فنانس ڈپارٹمنٹ کے اشتراک سے کام کریں۔
افسران اس بات کو یقینی بنائیں کہ ترقیاتی اسکیموں کے پی سی ون، ٹینڈر اور منظوری کا عمل بلاتاخیر مکمل کیا جائے اور اس ضمن میں موثر اور جامع حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت انجام دیئے جانے والے کاموں کے ثمرات شہریوں کو حاصل ہوسکیں۔
