اسلام آباد:پاکستان کے نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا ، شہروز نے 8ہزار 91میٹر بلند مانٹ انا پورنا کو سر کر لیا،نیپال میں واقع مائونٹ انا پورنا دنیا کی دسویں بلند ترین چوٹی ہے اور اس کا شمار دنیا کی خطرناک ترین چوٹیوں میں ہوتا ہے ،21سالہ شہروز کاشف پاکستانی وقت کے مطابق 6بج کر 31منٹ پر اناپورنا ٹاپ پر پہنچے، نوجوان پاکستانی کو پیما اب تک 8ہزار میٹر سے بلند 11چوٹیاں سر کر چکے ہیں۔
شہروز کاشف 8ہزار میٹر سے بلند 11چوٹیاں سر کرنے والے دنیا کے کم عمر کوہ پیما بن گئے ہیں ، انہیں 11بلند چوٹیاں سر کرنے والے دوسرے پاکستانی کوہ پیما ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہوگیا ہے ،اس سے قبل گلگت سے تعلق رکھنے والے سرباز علی خان اب تک 12بلند ترین چوٹیاں سر کر چکے ہیں،شہروز کاشف 8ہزار میٹر سے بلند تمام 14چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر ترین ایتھلیٹ بننا چاہتے ہیں، وہ اگلے مرحلے میں دا لاگیری کی چوٹی کو سر کریں گے،شہروز کاشف 17برس کی عمر میں سطح سمندر سے 26ہزار 400فٹ کی بلندی پر واقع پاکستان کی چوتھی بلند ترین چوٹی براڈ پیک بھی سر کر چکے ہیں، وہ براڈ پیک پر پاکستانی پرچم لہرانے والے سب سے کم عمر کوہِ پیما بھی ہیں،لاہور سے تعلق رکھنے والے شہروز اس سے قبل مائونٹ ایورسٹ، کے ٹو، مناسلو ، کنچنگجونگا، لوٹسے، مکالو ، نانگا پربت، گیشربرم ون اور ٹو سر کرچکے ہیں۔
