امریکہ کے وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے کہا ہے کہ کل سوڈان میں امریکن سفارتی کانوائے پر فائرنگ کی گئی ہے۔
بی بی سی کے مطابق بلنکن جی۔7 وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لئے جاپان کے دورے پر ہیں۔
سوڈان میں مسلح افواج اور پیرا ملٹری فورس کے درمیان جھڑپوں کے دوران امریکن سفارتی کانوائے پر فائرنگ کے واقعے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ اگرچہ فائرنگ کے نتیجے میں کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا لیکن یہ واقعہ ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ "یہ واقعہ نہایت غیر ذمہ دارانہ تھا۔ حملے میں کانوائے کے افراد کو خطرے میں ڈالا گیا ہے”۔
بلنکن نے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی شواہد سے ثابت ہوتا ہے کہ واقعے میں پیرا ملٹری فورس کا ہاتھ ہے۔
امریکہ وزارت خارجہ کے ترجمان جان کربی نے بھی کہا ہے کہ اگرچہ سکیورٹی خدشات بدستور موجود ہیں اور خرطوم ہوائی اڈے کو بھی بند کر دیا گیا ہے لیکن فی الحال ہم اپنے سفارتی عملے کو خرطوم سے نکالنے کا کوئی پروگرام نہیں رکھتے۔
واضح رہے کہ اپنی رہائش گاہ میں موجودگی کے دوران یورپی یونین کے خرطوم کے لئے آئرش سفیر ایڈن اوہارا پر بھی حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ بال بال بچ گئے تھے۔