لاہور: تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ الیکشن نہ ہونا پاکستان کے ہر شہری کی شکست ہے، نگران حکومت کی مدت ختم ہونے پرعدالت جا رہے ہیں، ہم نے پٹیشن تیار کر لی۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کرنا ہو گا، اگر عمل نہیں ہوتا تو مطلب آئین ختم ہو جائے گا، پاکستان میں آئینی بحران میں مزید اضافہ ہو جائے گا، پارلیمنٹ کہہ رہی ہے کہ وہ الیکٹ ہو گئے اب الیکشن ہی نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہاکہ اس حکومت کو پاکستان کے امیج کی کوئی پرواہ نہیں۔فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان میں چار مارشل لا لگے، فوج کی مداخلت بہت زیادہ ہے، فوج کو خود دیکھنا ہو گا کیا اسی طرح رہنا ہے، وزیر داخلہ کہہ رہا ہے ملک کی سکیورٹی بہت خراب ہے، الیکشن کمیشن کہہ رہا ہے الیکشن نہیں کرا سکتے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمشنر کے گھر کی تزین و آرائش پر پیسے لگائے جا رہے ہیں، وزیر داخلہ اور چیف الیکشن کمشنر کو مستعفی ہو جانا چاہیے، کوئی شرم اور کوئی حیا ہوتی ہے، ان کی کوئی حیثیت نہیں یہ سارے شطرنج کی چالیں ہیں، سپریم کورٹ، اسٹیبلشمنٹ کی ذمہ داری ہے الیکشن کرائے، آئین کے تحفظ کا انہوں نے حلف اٹھایا ہوا ہے۔
