کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ مردم شماری میں محدود توسیع تو کی گئی لیکن ابھی تک درست خانہ شماری مکمل کی گئی ہے نہ خانہ شماری کی جعل سازیوں اور اور دھاندلیوں کا سدباب کیا گیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ جتنا زیادہ سے زیادہ ہو سکے کراچی کی آبادی کو اندرون ِ سندھ کی آبادی سے کم کیا جائے تاکہ سندھ کا وزیر اعلیٰ کراچی سے نہ آسکے۔ نواز لیگ کے دور میں‘ 2017کی مردم شماری میں بھی کراچی کے عوام کو کم گنا گیا اور ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی نے مل کر اس جعلی مردم شماری کو درست کرنے کے بجائے اس کی منظوری دی۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ مردم شماری کی مدت میں ایک ماہ کی توسیع کی جائے،کراچی کی گنتی پوری کی جائے اور یہاں رہائش پذیر ایک ایک فرد کو کراچی کی آبادی میں ہی شمار کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کراچی کی آبادی پر شب خون مارنے نہیں دے گی، 30اپریل کو شاہراہ فیصل پر زبردست احتجاجی مارچ کیا جائے گا۔ مردم شماری اور خانہ شماری میں جعل سازیوں اور دھاندلیوں کو بے نقاب کرنے کے لیے جماعت اسلامی نے مردم شماری مانیٹرنگ سیل اورڈیجیٹل ویب پورٹل بھی قائم کر دیا ہے، عوام زیادہ سے زیادہ شکایات و اعتراضات کا اندراج کرائیں تاکہ اہل کراچی کا مقدمہ بھر پور اور مضبوط طریقے سے لڑا جاسکے۔
