گجرات: ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت نے کہا ہے کہ سیاستدان مل کر بیٹھ جائیں اور باہمی اتفاق رائے کے ساتھ ملک کو درپیش مسائل حل اور معیشت کو ٹھیک کریں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چودھری شجاعت سے گجرات چیمبر کے سابق صدر عنصر محمد سمیت دیگر اہم کاروباری شخصیات کے وفد نے ملاقات کی، جس میں چودھری شافع حسین اور چودھری سالک حسین بھی موجود بھی موجود تھے۔
ملاقات میں ملکی معاشی صورت حال سمیت مختلف امور پر گفتگو ہوئی جبکہ وفد نے گجرات کو انڈسٹریل اسٹیٹ بنانے اور مسائل میں معاونت کی درخواست بھی کی۔کاروباری شخصیات کے وفد نے چودھری شجاعت کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ الیکشن میں بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا۔
شرکا سے گفتگو میں چودھری شجاعت نے کہا کہ مسلم لیگ کا ایجنڈا پاکستان کو مشکلات سے نکالنا ہے، ملکی معیشت کو ملکر ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ پاکستان کی ترقی کی سیاست کی اور یہ سفر جاری رہے گا، سب کو کہتا ہو مل بیٹھ کر باہمی اتفاق سے ملکی مسائل حل کریں۔
