اسلام آباد:پاکستانی کرکٹر اور ٹی وی میزبان شعیب ملک نے کہا ہے کہ نہ صرف ان کے اور ان کی اہلیہ بلکہ پوری دنیا کے جوڑوں کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے اور شاید ہی کوئی ایسا شادی شدہ جوڑا ہے جن کے درمیان کبھی اختلافات نہ ہوتے ہوں۔
شعیب ملک نے مذکورہ بیان اہلیہ ثانیہ مرزا سے کشیدہ تعلقات اور طلاق کی افواہوں سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں دیا۔
شعیب ملک نے عید الفطر کے موقع پر اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ عیدالفطر کے موقع پر اہلیہ اور بچہ ان سے دور ہیں اور انہوں نے خواہش ظاہر کی کاش وہ ان کے ساتھ عید مناتے۔انہوں نے بتایا کہ شادی سے قبل وہ جب کرکٹ کے سلسلے میں بیرون ملک ہوتے تھے تو والدہ اور بہن بھائیوں کو عید کے موقع پر یاد کرتے تھے اور اب شادی کے بعد وہ نہ صرف والدہ اور بہن بھائیوں بلکہ اہلیہ اور بچے کو بھی یاد کرتے ہیں۔شعیب ملک نے کہاکہ چونکہ ان کی اہلیہ کا تعلق دوسرے ملک سے ہے اور ان کی وہاں بھی مصروفیات ہوتی ہیں، اس لیے یہ ہر سال ممکن نہیں ہوپاتا کہ وہ تمام دن ایک ساتھ گزاریں۔
خیال رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے درمیان گزشتہ 6 ماہ سے کشیدہ تعلقات اور طلاق کی افواہیں زیر گردش ہیں اور کافی عرصے سے دونوں نے ایک ساتھ سوشل میڈیا پر کوئی تصویر یا تازہ ویڈیو بھی شیئر نہیں کی۔
