لیبیا قومی اتحاد حکومت کے نائب وزیر اعظم رمضان ابو جناح نے کہا ہے کہ ہم، ملک کے جنوبی اور ساحلی علاقوں کی زرعی، صنعتی اور توانائی کے شعبوں میں ترقی کے لئے، ترک کمپنیوں کے ساتھ موئثر تعاون کے خواہش مند ہیں۔
نائب وزیر اعظم پریس دفتر سے جاری کئے گئے تحریری بیان کے مطابق ابو جناح نے طرابلس میں ترک کاروباری حضرات اور ترک کمپنیوں کے نمائندوں پر مشتمل وفد کے ساتھ ملاقات کی۔
مذاکرات میں، ترک سرمایہ کار کمپنیوں اور لیبیا جنوبی ترقیاتی و توسیعی ایجنسی کے درمیان تکنیکی و پیشہ وارانہ تجربات کے تبادلے اور ترک سرمایہ دار کمپنیوں کی ٹیکنالوجک ترقی سے استفادے سمیت متعدد موضوعات پر بات چیت کی گئی۔
مذاکرات میں لیبیا جنوبی ترقیاتی و توسیعی ایجنسی کے ملازمین کی تربیت کے لئے بھی ترک وفد کے ساتھ تعاون کے فروغ پر غور کیا گیا۔
بیان میں نائب وزیر اعظم ابو جناح نے کہا ہے کہ یہ مذاکرات لیبیا اور ترکیہ کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کی اہمیت کے عکاس ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ لیبیا کے ترکیہ کے ساتھ تاریخی روابط ہیں۔ ہم، دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں دوام کے لئے ، باہمی اقتصادی و تجارتی تعلقات کی مضبوطی کو اہم خیال کرتے ہیں۔